حرم فورم ٹرسٹ پاکستان

عازمینِ حج کی تربیت و رہنمائی کے ذریعے ان کے اندر حج و عمرے کی روح و مقصد بیدار کرنا۔
دین کے اصل مقصد کو سمجھتے ہوئے فکری و عملی تبدیلی لانا۔

تربیت اور رہنمائی کے ذریعہ حجاج کرام میں حج و عمرہ کے جذبے اور مقصد کو بیدار کرنا۔

بہت عرصے سے امتِ مسلمہ کے حالات اور اس کے تناظر میں مستقبل کے اندیشے اس امر پر بار بار متوجہ کر رہے تھے کہ ارکانِ اسلام اور عبادات کے مقاصد اور روح کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اسی طرح مسلمانوں کی کردار سازی اور سیرت کی ازسرِ نو تعمیر کی بھی ضرورت ہے۔

حضرت ابراہیمؑ کو خانہ کعبہ کی ازسرِ نو تعمیر کا حکم دینے کے ساتھ، انسانوں کو ایک مرکز پر جمع ہو کر عبادت کرنے کا حکم دیا گیا۔ تاکہ مسلمان حج و عمرے کے مناسک ادا کرتے ہوئے حج کی روح و مقصد کو بھی سمجھیں اور اسلام کے آفاقی پیغام امن و اخوت اور بھائی چارہ کا نہ صرف مظاہرہ کریں بلکہ یہاں سے وہ قوت حاصل کر سکیں جو اپنے اپنے مقام پر واپس جاکر ان کی عملی زندگی میں ایسی تبدیلی لاسکے جو اسلام کو زندہ کرنے اور اتحادِ امت کا باعث بن سکے۔

حج و عمرہ مجموعہ عبادات ہے، اس فریضے کی ادائیگی کا مقام، طریقہ اور تاریخ اپنے اندر ایک عظیم مقصد کے ساتھ روحانیت، وارفتگی، دیوانگی اور خودسپردگی کے بے مثال مظاہر لیے ہوئے ہے۔ ربِ کعبہ نے اپنے بندوں کے اندر مناسک کے دوران خودشناسی اور خدا شناسی کا احساس پیدا کروایا۔ مگر ہر سال زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باوجود اثرات نظر نہیں آرہے تھے جن سے وہ فوائد سمیٹے جاسکتے جو ان مناسک کے ذریعے حاصل ہونے چاہیے تھے۔ ”حرم فورم“ کا مقصد تربیت و رہنمائی کے ذریعے وہ روح بیدار کرنا ہے جس سے حضرت ابراہیمؑ کا سا ایماں پیدا ہو سکے اور زائرین کی عملی زندگی اس بات کی گواہی دے کہ ”میری نماز، میرے تمام مراسمِ عبودیت اور میرا جینا مرنا، سب اللہ رب العالمین کے لیے ہے“۔

ایسی ہی فکری و عملی تبدیلیوں کے لیے حرم فورم قائم کیا گیا ہے۔ تاکہ مسلمانانِ عالم میں پھر سے یہ شعور پیدا کیا جاسکے کہ وہ ”تا بہ ابد سعی و تغیر کے ولی ہیں“۔ ان ہی نکات کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے ”حرم فورم“ کے مقاصد طے کیے گئے ہیں۔

حرم فورم کے مقاصد

  • عازمینِ حج کی تربیت و رہنمائی کے ذریعے ان کے اندر حج و عمرے کی روح و مقصد بیدار کرنا۔
  • دین کے اصل مقصد کو سمجھتے ہوئے فکری و عملی تبدیلی لانا۔
  • حج کے موقع پر اتحادِ اُمت کی فضا سازگار بنانا۔

حرم فورم کا طریقہ کار

حرم فورم ”دعوۃ اکیڈمی“ سے سند یافتہ ماسٹر ٹرینر تیار کراتا ہے، پھر ان ماسٹر ٹرینرز کے ذریعے ملک بھر کے حاجی کیمپس میں نہ صرف سرکاری گروپس کے ذریعے جانے والے عازمینِ حج کی تربیت کی جاتی ہے بلکہ ملک کے مختلف مقامات اور مراکز ”حرم فورم“ میں پرائیوٹ گروپس سے جانے والوں کی تربیت گاہوں کا انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ عازمین حج کے مقاصد اور روح کو سمجھتے ہوئے بہتر طریقے سے فریضہئ حج ادا کر سکیں اور بعد از حج اپنے اپنے مقام پر لوٹ کر بہترین کردار ادا کر سکیں۔

اپیل

بیان کردہ مقاصد اور عہد کی روشنی میں فکری و عملی تبدیلیوں کے لیے حرم فورم قائم کیا گیا ہے تاکہ عازمینِ حج و عمرہ میں پھر سے یہ شعور پیدا کیا جاسکے کہ وہ تاقیامت پیغامِ صداقت کے امین اور وراثتِ نبوی کے حامل ہیں۔ ان ہی نِکات کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے ”حرم فورم“ آپ سے تعاون کا خواستگار ہے۔